ٹک ٹاک نے میٹا کی فوٹو شیئرنگ سروس انسٹا گرام کے مقابلے میں اپنی نئی ایپ متعارف کرا دی ہے۔
ٹک ٹاک نوٹس نامی ایپ میں صرف تصاویر کو ٹیکسٹ اپ ڈیٹس کے ساتھ شیئر کیا جا سکے گا۔
یہ نئی ایپ ابتدائی طور پر آسٹریلیا اور کینیڈا میں متعارف کرائی گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ہم تصویری اور تحریری مواد کے لیے مختص ٹک ٹاک نوٹس میں ابتدائی تجربات کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق ہمیں توقع ہے کہ ٹک ٹاک صارفین اس نئی ایپ میں تصاویر کے ذریعے اپنے قیمتی لمحات شیئر کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹک ٹاک نوٹس کو ایسے افراد کے لیے ہی ڈیزائن کیا گیا ہے جو تصویری مواد شیئر کرنا پسند کرتے ہیں۔
یہ ایپ 2 فیڈز فار یو اور فالوونگ پر مشتمل ہوگی اور اس میں مواد بالکل اسی طرح نظر آئے گا جیسا انسٹا گرام میں نظر آتا ہے۔
یعنی تصاویر کو طویل کیپشن کے ساتھ پوسٹ کرنا ممکن ہوگا۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے انسٹا گرام جیسی ایپ متعارف کرانے کی افواہیں مارچ 2024 میں مختلف رپورٹس میں سامنے آئی تھیں اور کچھ صارفین کو بھی حالیہ دنوں میں نئی سروس کے بارے میں نوٹیفکیشن موصول ہوئے۔
یہ ایپ اس وقت متعارف کرائی گئی جب انسٹا گرام نے ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ کر 2023 میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
یہ پہلی بار ہے جب ٹک ٹاک کی جانب سے انسٹا گرام کے مرکزی فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے اور اسے توقع ہے کہ تصاویر کے لیے مخصوص ایپ سے صارفین کو فوٹوز پر مبنی مواد شیئر کرکے زیادہ افراد تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
اس ایپ کو متعارف کرانے کا وقت بھی دلچسپ ہے کیونکہ حالیہ عرصے میں متعدد انسٹا گرام صارفین نے شکایت کی تھی کہ ان کی پوسٹس معمول سے کم صارفین تک پہنچ رہی ہیں۔
ایسے صارفین کے لیے ٹک ٹاک نوٹس ایپ تصاویر پوسٹ کرنے کے لیے انسٹا گرام کا اچھا متبادل ثابت ہوگی۔