ایلون مسک کا تمام صارفین پر ماہانہ فیس عائد کرنے کا اعلان

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

کیلیفورنیا: سربراہ ایکس ایلون مسک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر بوٹس سے نمٹنے کے لیے ماہانہ بنیادوں پر معمولی فیس عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ایلون مسک کی ملکیت میں آنے کے بعد سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایلون مسک کا ایک لائیو اسٹریم میں گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ پلیٹ فارم ماہانہ بنیادوں پر معمولی فیس عائد کرنے جارہا ہے تاکہ پلیٹ فارم پر وسیع تعداد میں موجود بوٹس سے نمٹنے کے لیے ایکس سسٹم کو استعمال کیا جاسکے۔
تاہم، ایلون مسک کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ نئے منصوبے کے تحت ایکس صارفین کو کتنی رقم ادا کرنی پڑے گی یا سبسکرائبر کو کونسے فیچر دستیاب ہوں گے۔

دورانِ گفتگو ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ایکس پر فی الحال 55 کروڑ ماہانہ صارفین ہیں جو روزانہ کی بنیادوں پر 10 کروڑ سے 20 کروڑ کے درمیان پوسٹ کرتے ہیں۔ اس لیے بوٹس کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک معمولی سی فیس کا متعارف کرایا جانا ضروری ہوگا۔

سربراہ ایک کا کہنا تھا کہ سبسکرپشن فیس بوٹس کے لیے اکاؤنٹ بنانا مشکل کرے گا کیوں کہ ہر بوٹ کو پلیٹ فارم پر رجسٹر ہونے کے لیے نئے کریڈٹ کارڈ کی ضرورت ہوگی۔