ایپل: دنیا کے سب سے ’سلِم‘ اسمارٹ فون ’آئی فون 17 ایئر‘ کی لانچ جلد متوقع

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے بارے میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ کمپنی جلد ہی دنیا کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ’آئی فون 17 ایئر‘ لانچ کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔

ایپل کے تجزیہ کار جیف پیو نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون 17 کا ’سلِم‘ یا ’ایئر‘ ورژن لانچ ہونے والا ہے۔

اُنہوں نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ہم نے آئی فون 17 کو دنیا کا سب سے پتلا اسمارٹ فون بنانے کے لیے اس کی موٹائی صرف 6 ملی میٹر رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

اگر آئی فون 17 کے ڈیزائن کے لیے 6 ملی میٹر کی پیمائش کو باقاعدہ منظوری مل جاتی ہے تو یہ رواں سال لانچ ہونے والے آئی فون 16 کے مقابلے میں نمایاں طور پر پتلا ہو گا اور اب تک کے سب سے پتلے آئی فون 6 کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا جس کی موٹائی 6.9 ملی میٹر ہے۔

آئی فون 17 ایئر کے بارے میں ابھی بہت کم تفصیلات سامنے آئی ہیں لیکن اس کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ اس میں 6.6 انچ کا ڈسپلے ہو گا جو ایلومینیم چیسس کے اندر موجود ہو گا، ممکنہ طور پر ایپل انٹیلی جنس کو سپورٹ کرنے والا A19 ایس او سی ہو گا، 8GB ریم، ایک سنگل 48MP بیک کیمرہ، فیس آئی ڈی کی سپورٹ کے ساتھ 24MP کا فرنٹ کیمرہ اور ایپل کا ڈیزائن کردہ 5G موڈیم ہو گا۔

واضح رہے کہ ایپل دنیا کی واحد کمپنی نہیں ہے جس کے بارے میں یہ خبر سامنے آئی کہ وہ دنیا کا سب سے پتلا اسمارٹ فون لانچ کرنے والی ہے۔

اس سے قبل جنوبی کوریا کی مشہور کمپنی سام سنگ کے بارے میں بھی یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ دنیا کا سب سے پتلا اسمارٹ فون ’گلیکسی S25‘ لانچ کرنے والی ہے جس کی موٹائی صرف 5.6 ملی میٹر ہو گی۔