ایپل نے نئی ایم 3 چپ سے لیس 2 میک بک ائیر لیپ ٹاپس متعارف کرائے ہیں۔
ایپل کی جانب سے ایم 3 چپ کو اکتوبر 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا اور سب سے پہلے اسے آئی میک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور میک بک پرو لیپ ٹاپس میں استعمال کیا گیا تھا۔
اب یہ نئی چپ میک بک ائیر لیپ ٹاپس میں استعمال کی گئی ہے۔
ایپل کے مطابق 13 اور 15 انچ ڈسپلے والے نئے میک بک ائیر لیپ ٹاپس میں 1080p ویب کیم، زیادہ تیز وائی فائی نیٹ ورک سپورٹ اور 18 گھنٹے بیٹری لائف جیسے فیچرز موجود ہیں۔
دونوں لیپ ٹاپس کا ڈیزائن پرانے ماڈلز جیسا ہی ہے مگر نئی ایم 3 چپ کے باعث صارفین ان ڈیوائسز سے مزید 2 ڈسپلے منسلک کر سکیں گے۔
کمپنی نے ان ڈیوائسز کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس دنیا کے بہترین لیپ ٹاپس قرار دیا ہے۔
ایپل کے مطابق یہ اے آئی لیپ ٹاپس ہیں، مگر اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
اس سے قبل 28 فروری 2024 کو ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے کہا تھا کہ کمپنی کی جانب سے اے آئی کے حوالے سے اہم اعلان رواں سال کسی وقت کیا جائے گا۔
زیادہ امکان یہ ہے کہ جون میں ایپل کی ورلڈ وائیڈ ڈویلپر کانفرنس میں اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس نئے سافٹ وئیر متعارف کرائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ دیگر اپ ڈیٹس کی تفصیلات بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ 13 انچ کے میک بک ائیر کی قیمت 1099 ڈالرز سے شروع ہوگی جبکہ 15 انچ کا ماڈل 1299 ڈالرز کا ہوگا۔