ایپل وہ کمپنی ہے جو اپنی نئی ڈیوائسز کے بارے میں بتانا پسند نہیں کرتی، خاص طور پر ایسی ٹیکنالوجی جس پر ابھی کام کیا جارہا ہو۔
مگر اس کمپنی کی جانب سے اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ٹیکنالوجی پر کافی کام کیا جارہا ہے اور اب ایپل کے سی ای او ٹم کک نے اس حوالے سے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے ایپل کے اے آر گلاسز کا اشارہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں لوگ اس بات پر حیران ہوں گے کہ ہماری سابقہ زندگی اے آر ٹیکنالوجی کے بغیر کیسے گزری۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس ٹیکنالوجی پر کافی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
ایسی رپورٹس کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں کہ ایپل کی جانب سے 2023 میں ورچوئل رئیلٹی ٹیکنالوجی پر مبنی ہیڈ سیٹ متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
اسی طرح ایپل کے اے آر گلاسز 2024 میں صارفین کو دستیاب ہوسکتے ہیں، مگر کمپنی کی جانب سے فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
ٹم کک نے کہا کہ اے آر ایسی ٹیکنالوجی ہوگی جو ہر چیز پر اثرات مرتب کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد ہم ایسی دنیا میں زندگی گزار رہے ہوں گے جس میں اے آر ٹیکنالوجی کا استعمال عام ہوگا۔
ایپل کے سی ای او نے بتایا کہ ہمیں نہیں لگتا کہ ورچوئل رئیلٹی حقیقی زندگی کا متبادل ہوسکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ لوگوں کو حقیقی دنیا سے دور کردیں۔