ایکس کا صارفین کیلیے آمدنی کے حصول کا طریقہ کار بدلنے کا اعلان

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (جسے پہلے ٹوئٹر کہا جاتا تھا) نے صارفین کے لیے آمدنی کے حصول کا طریقہ کار بدلنے کا اعلان کیا ہے۔

ایلون مسک نے ایک ایکس پوسٹ میں صارفین کے لیے آمدنی کی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر وہ پوسٹ جس پر کمیونٹس نوٹس کا اضافہ کیا جائے گا، اس سے آمدنی کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس تبدیلی کی وجہ سنسنی خیزی کی بجائے سچائی کو ترجیح دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی نوٹس کی جانب سے درست کی جانے والی ہر پوسٹ سے آمدنی کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔

ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب ایکس پر گمراہ کن مواد کو پھیلانے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔

ایکس کے مالک خود بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جعلی خبریں اور ویڈیوز پھیلائی جا رہی ہیں۔

کمیونٹی نوٹس ایکس کا وہ فیچر ہے جو صارفین کے مواد کو جانچ کر اس کے غلط ہونے کے بارے میں بتاتا ہے۔

اس فیچر کو 2021 میں متعارف کرایا گیا تھا اور شروع میں اسے برڈ واچ کا نام دیا گیا تھا، مگر ایلون مسک نے ایکس کو خریدنے کے بعد اس کا نام بدل کر کمیونٹی نوٹس کر دیا۔

خیال رہے کہ ایکس صارفین ایڈ ریونیو شیئرنگ اور پریمیئم ویڈیو شیئرنگ جیسے پروگرامز سے پیسے کما سکتے ہیں۔

ان پروگرامز میں شمولیت کے لیے ایکس پریمیئم کی سبسکرپشن، گزشتہ 3 ماہ کے دوران پوسٹس پر 50 لاکھ امپریشنز اور کم از کم 500 فالوورز جیسی شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔