واشنگٹن: رواں ہفتے ناسا کے خلاباز فرینک روبیو نے سب سے طویل مسلسل خلائی پرواز کا تیسرا ریکارڈ قائم کیا ہے جس میں فرینک نے خلا میں مسلسل 371 دن تک قیام کیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق روبیو نے یہ ریکارڈ حادثاتی طور پر بنایا ہے۔ روبیو نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) پر صرف چھ ماہ گزارنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن وہ اپنے دو روسی عملے کے ساتھ اس وقت پھنس گئے جب ان کا جہاز خلائی ملبے کے ٹکڑے سے ٹکراگیا جس سے کولنٹ ٹینک پھٹ گیا۔
خلائی اسٹیشن پر سوار ہونے کے دوران فرینک نے زمین کے گرد 5,936 بار چکر لگایا جو کہ چاند کے 328 دوروں کے مساوی سفر ہے۔ لیکن کیا انہوں نے کوئی پہلا انوکھا ریکارڈ قائم کیا ہے، حیرت انگیز طور پر، نہیں!
پچھلے خلائی مشنز کی بات کی جائے تو کئی ایسے بہادر خلاباز ہیں جنہوں نے مدار میں اور بھی زیادہ وقت گزارا ہے۔ روبیو کا حادثاتی امریکی ریکارڈ درحقیقت کسی انسان کا خلا میں طویل ترین وقت گزارنے کا تیسرا ریکارڈ ہے جبکہ پہلے دو ریکارڈ یافتہ خلابازوں کا تعلق روس سے ہے۔
سب سے طویل مسلسل خلائی پرواز کا ریکارڈ اب بھی والیری پولیاکوف کے پاس ہے جو 8 جنوری 1994 سے 22 مارچ 1995 کے درمیان میں خلائی اسٹیشن پر سوار رہے اور انہوں نے تقریباً 187 ملین میل کا سفر کیا اور زمین کے 7,075 بار مدار میں چکر لگائے۔