اس وقت بڑھتی مہنگائی کے باعث لوگوں کے لیے نئے اسمارٹ فونز کی خریداری مشکل ہوچکی ہے۔
مگر یہ اثر صرف صارفین تک محدود نہیں بلکہ کمپنیوں کو بھی اس کے باعث مشکلات کا سامنا ہے اور ایک نئی رپورٹ کے مطابق سام سنگ کے پاس عالمی سطح پر 5 کروڑ فونز اسٹاک میں موجود ہیں جو فروخت ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فون اس وقت کمپنی کے ڈسٹری بیوٹرز کے پاس موجود ہیں اور ان میں گلیکسی اے سیریز کے فونز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
سام سنگ نے 2022 کے آغاز میں سال بھر میں 33 کروڑ 40 لاکھ فونز کی پروڈکشن کا ہدف طے کیا تھا۔
مگر طلب میں کمی کے باعث اس تعداد کو 27 کروڑ کردیا گیا اور ان میں سے بھی 18 فیصد فونز اس وقت صارفین کے منتظر ہیں۔
عام طور پر اسمارٹ فونز کا اس طرح کا اسٹاک 10 فیصد سے کم ہو تو اسے ‘صحت مند’ سمجھا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ 18 فیصد فونز کا اسٹاک کمپنی کے لیے مسئلہ خیال کیا جارہا ہے۔
سام سنگ 2022 کے شروع میں ہر ماہ 2 کروڑ فونز تیار کررہی تھی مگر طلب میں کمی اور اسٹاک میں بہت زیادہ فونز ہونے کے باعث مئی میں یہ تعداد ایک کروڑ کر دی گئی۔
طلب میں کمی کے باعث سام سنگ نے اپریل سے مئی کے دوران سپلائرز سے پرزہ جات کی خریداری بھی 30 سے 70 فیصد تک کم کردی تھی۔