شمسی توانائی سے میلوں چلنے والی گاڑی مارکیٹ میں آنے کو تیار

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

آرام دہ اور سستے سفر کے حصول کے لئے دنیا بھر میں انسانوں نے نت نئے طریقے ڈھونڈے اور ایجادات کیں۔ ایندھن کے بعد الیکٹرک گاڑیوں نے لوگوں کی بہت حد تک مشکلات اور خرچے کم کئے لیکن اب اسے مزید آسان کرنے کے لئے شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی مارکیٹ میں آنے کو تیار ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈز کی ایک کمپنی لائٹ ایئر 150 ملین یورو کی سرمایہ کاری کے تحت ’لائٹ ایئر او‘ نامی گاڑی متعارف کرا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس گاڑی میں لگے سولر پینلز دوران سفر اور کھڑی ہوئی گاڑی کی بیٹری کو بھی چارج کریں گے۔ جس سے گاڑی کو 70 کلومیٹر تک چلایا جاسکتا ہے۔

اس جدید گاڑی سے متعلق سامنے آنے والی مزید تفصیلات کے مطابق جن ملکوں میں دھوپ زیادہ ہوتی ہے وہاں یہ گاڑی سورج کی مدد سے 7 ماہ تک ازخود چارج ہوکر صارف کو سہولت فراہم کرسکتی ہے جبکہ موسم ابرآلود ہونے کی صورت میں گاڑی کو عام الیکٹرک کار کی طرح چارج کرنا ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق گاڑی توانائی کم سے کم استعمال کرے اس لئے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ اس میں لگنے والی الیکٹرک موٹرز اور اندرونی حصوں میں لگنے والی چیزوں کا وزن کم سے کم ہو۔

رپورٹس کے مطابق مارکیٹ میں لانچنگ کے وقت اس گاڑی کی قیمت 30 ہزار ڈالر کے لگ بھگ ہوگی۔