میٹا نے آپ کے ڈجیٹل جڑواں کے لیے فیشن اسٹور قائم کردیا

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

برکلے، کیلیفورنیا: فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی، میٹا نے ان تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آپ کی نمائیندگی کرنے والا ایک ڈجیٹل اسٹور کھول لیا ہے جہاں آپ اپنی ڈجیٹل جڑواں شخصیت کے لحاظ سے لباس کا انتخاب کرسکیں گے۔

میٹا کے مطابق سوشل میڈیا کے مجازی ماحول میں آپ کی نمائنیدگی کرنے والے ڈجیٹل کردار یا اوتار ہی اس پلیٹ فارم کا اصل مستقبل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب انسٹاگرام، میسنجر اور فیس بک پر نمائیندگی کرنے والے ڈجیٹل کردار کو وہ لباس پہنا سکیں گے۔

فی الحال آپ مشہور برانڈ کے تیارکردہ ڈجیٹل کپڑے خرید سکتے ہیں جن میں پراڈا اور تھام براؤنی اور گوشی وغیرہ شامل ہیں۔ اس سے ڈجیٹل کپڑے بنانے والے فیشن ڈیزائنر ایک جانب اپنی مصنوعات کو فروغ دے سکیں گے تو کچھ رقم بھی بناسکیں گے۔
واضح رہے کہ کہ ایک گیمنگ پلیٹ فارم روبلوکس پر بھی ایسے ہی ڈجیٹل لباس اور اسکن وغیرہ فروخت کی جاتی رہی ہیں۔ اس میں آپ اپنے گیم کرداروں کا حلیہ مرضی سے بدل سکتے ہیں۔

ورچول ماحول میں خود کو الگ اور ممتاز ظاہر کرنے کے لیے بچوں کے لباس اور کپڑوں پر بھی کام جاری ہے۔ ان سب کا مقصد میٹا ورس کو بھرپور اور کامیاب بنانا ہے جو میٹا کمپنی کا اولین مشن بھی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے انسٹاگرام کے لیے اوتار ردِ عمل یعنی ری ایکشن بھی پیش کردیئے ہیں۔

دوسری جانب میٹا کے انجینیئروں نے ایسی ٹیکنالوجی پر کام شروع کردیا ہے جو آپ کی تصاویر کے قریب تر تھری ڈی کردار بناسکیں تاکہ مجازی ماحول میں آپ بھرپور انداز میں خود کو پیش کرسکیں۔