میٹا نے تھریڈز کا ویب ورژن متعارف کرنے کا اعلان کردیا

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

سوشل میڈیا صارفین کے بھرپور مطالبے کے بعد میٹا نے ٹوئٹر کی حریف ایپلی کیشن ’تھریڈز‘ کا ویب ورژن متعارف کرنے کا اعلان کردیا ہے جو اگلے کچھ دنوں میں لانچ کردیا جائے گا۔

6 جولائی کو ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے میں میٹا کے بانی مارک زکربرگ نے نئی ایپ ’تھریڈز‘ متعارف کی تھی، ایپ متعارف ہونے کے کچھ دنوں کے اندر کروڑوں صارفین سائن اپ کر چکے تھے۔

تاہم یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ تھریڈز متعارف ہونے کے ایک ہفتے بعد صارفین کی تعداد اور ایپ استعمال کرنے کی تعداد میں کمی دیکھی گئی تھی۔

 

میٹا کا کہنا تھا کہ کمپنی آنے والے ہفتوں میں ویب کے تجربے میں مزید فعالیت کا اضافہ کرے گی۔

تاہم اب بالاخر مارک زکر برگ نے آئندہ 2 سے 3 روز کے اندر تھریڈز کے ویب ورژن لانچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

فیس بک اور انسٹاگرام کے مالک نے کہا کہ تھریڈز کے صارفین اب اپنے کمپیوٹرز سے اس کی ویب سائٹ پر لاگ ان کرکے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ تھریڈز کے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر براؤزر کے ذریعے لاگ ان کرکے اب صارفین اپنے پیغامات پوسٹ کرسکتے ہیں اور دیگر پوسٹ کا رپلائی اور اسکرول ڈاؤن بھی کرسکتے ہیں۔

تاہم صارفین تھریڈز کے ویب ورژن متعارف ہونے ابتدائی دنوں میں تھریڈز کے موبائل ورژن کے کچھ فیچرز سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے۔

مثال کے طور پر صارفین اپنے پروفائل کو ایڈٹ نہیں کر سکیں گے یا اس تھریڈز کا ٹیکسٹ میسج پلیٹ فارم سے منسلک انسٹاگرام پر ڈائریکٹ میسج یا اسٹوری شیئر نہیں کرسکیں گے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا۔

تھریڈز کے ویب ورژن متعارف کرنے کے اعلان کے بعد مارک زکر برگ کو امید ہے کہ صارفین دوبارہ اس پلیٹ فارم کا استعمال کرنا شروع کردیں گے۔