یورپی مسابقتی کمیشن نے میٹا پر 78 کروڑ 80 لاکھ یورو جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
یورپی ادارے نے یہ جرمانہ فیس بک مارکیٹ پلیس کی جانب سے یورپی قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیا ہے۔
یورپی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ میٹا نے اپنی اشتہاری سروس فیس بک مارکیٹ پلیس کو اپنے سوشل نیٹ ورک فیس بک سے جوڑ دیا اور دیگر آن لائن اشتہارات کی سروس فراہم کرنے والے دیگر اداروں پر نامنصفانہ تجارتی شرائط عائد کردیں۔
کمیشن کی مسابقتی پالیسی سربراہ مارگریٹ ویسٹگر نے ایک بیان میں بتایا کہ میٹا پر آن لائن ڈسپلے اشتہارات کے حوالے سے بالادست پوزیشن کو برقرار رکھنے کی کوششوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹا کی جانب سے فیس بک مارکیٹ پلیس سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے اور دیگر اشتہاری سروسز اس کا مقابلہ کرنے سے قاصر رہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ یورپی یونین کے مسابقتی قوانین کے تحت غیرقانونی ہے اور میٹا کو اپنے رویے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
دوسری جانب میٹا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔
بیان کے مطابق مسابقتی کمیشن کے فیصلے میں یورپی آن لائن کلاسیفائیڈ مارکیٹ کے حقائق کو نظرانداز کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ لوگ مارکیٹ پلیس اس لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ وہ ایسا چاہتے ہیں۔