نئے فیچرز کے ساتھ چیٹ جی پی ٹی کا نیا ورژن متعارف

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

اوپن اے آئی نے نے چیٹ جی پی ٹی کا نیا، بہتر اور تیز ورژن متعارف کردیا ہے جسے نان سبسکرائبرز بھی استعمال کر سکیں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس ماڈل کی تقریب رونمائی ایسے وقت میں ہوئی جب اس کی حریف کمپنی گوگل اپنی سالانہ کانفرنس میں اپنے مصنوعی ذہانت کی حامل تازہ ترین ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے جا رہی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کے نئے ماڈل کو ’چیٹ جی پی ٹی فور او‘ کا نام دیا گیا ہے، نئے ورژن میں مصنوعی ذہانت کا چیٹ بوٹ بھی چیٹ جی پی ٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

چیف ٹیکنالوجی افسر میرا مورتی نے سان فرانسسکو میں لانچ ایونٹ میں کہا کہ ’ہم اپنے تمام مفت صارفین کے لیے ’چیٹ جی پی ٹی فور او‘ متعارف کرانے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔‘

تقریب رونمائی کے دوران چیف ٹیکنالوجی افسر میرا مورتی اور اوپن اے آئی کے انجینئرز نے ایک ورچوئل ایونٹ کے دوران ’جی پی ٹی فور او‘ سے سوالات پوچھے اور اس کا تجربہ بھی کرکے دکھایا۔

’جی پی ٹی فور او‘ کے لائیو ڈیمو کے دوران اس نے ریاضی کی سوالات کو حل کرنے کی بجائے اس کے حل کے آسان طریقے تجویز کیے۔

اس نے چند کمپیوٹر کوڈز کا بھی تجزیہ کیا، اطالوی زبان سے انگریزی زبان میں ترجمہ کیا اور ایک مسکراتے شخص کی سیلفی سے اس شخص سے جذبات کا بھی اندازہ لگایا۔

چیٹ جی پی ٹی کا یہ ورژن پہلے ورژن سے زیادہ تیز ہے اور اس چیٹ بوٹ میں باتیں کرنے والی آواز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

نیا ورژن نہ صرف تصاویر کے عنوانات کو پڑھ کر اُن پر بحث کر سکتا ہے بلکہ مختلف زبانوں کا ترجمہ کرنے کے ساتھ ساتھ تصاویر کے ظاہری تاثرات سے جذبات کا اندازہ بھی لگا سکتا ہے، اس میں میموری یعنی یادداشت کا فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے تاکہ یہ پہلے دیے گئے جوابات کو بھی یاد رکھ سکے۔