سان فرانسسکو: واٹس ایپ نے فیصلہ کیا ہے کہ اکاؤنٹ محفوظ کرنے کے لیے جلد یا بدیر جی میل کی طرح فون نمبر کا ڈبل ویری فکیشن نظام پیش کیا جائے گا۔
واٹس ایپ کی اندرونی خبر دینے والی ایک ویب سائٹ، ڈبلیو اے بی ٹا انفو نے کہا ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ فراڈ اور ہیکنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے فون نمبر پر تصدیقی کوڈ کی طرح کا ایک فیچر جلد ہی سامنے آنے والا ہے۔
گزشتہ برس ہیکرز، فشرز اور دیگر مجرموں کی جانب سے لوگوں کے اکاؤنٹس پر نقب لگانے کے بعد واٹس ایپ کی مرکزی میٹا کمپنی نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس کے تحت جب بھی آپ روایتی فون چھوڑ کر دوسرے فون پر واٹس ایپ کھولیں گے تو آپ کے نمبر پر بھیجا گیا کوڈ درکار ہوگا۔
اس طرح واٹس ایپ اکاؤنٹ پر آپ کا کنٹرول بڑھ جائے گا جس کی حفاظت مزید یقینی ہوسکے گی۔ دوسری جانب ایک مخصوص وقت میں کوڈ شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔ کوڈ ڈالنے کے بعد عین جی میل کی طرح مالک کے اصل فون پر واٹس ایپ سرگرم کیے جانے کی خبر بھی بھیجی جائے گی۔ یہ نظام گوگل اکاؤنٹس کے لیے کامیابی سے استعمال کیا جا رہا ہے۔