میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر جلد ہی ایک ایسی اپ ڈیٹ آنے والی ہے جس میں یقینی طور پر صارفین کی خوب دلچسپی ہو گی۔
واٹس ایپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق ایپ پر اب ’Voice Notes‘ اسٹیٹس پر لگانے کی اجازت بھی ہو گی۔
اس سے قبل صارفین ویڈیوز اور تصاویر اسٹیٹس پر لگایا کرتے تھے لیکن اب واٹس ایپ ایسا فیچر متعارف کرانے والا ہے جس سے وائس نوٹس بھی اسٹیٹس پر لگانا ممکن ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے طور پر شیئر کیے گئے وائس نوٹ کو ’وائس اسٹیٹس‘ کہا جا سکتا ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو نے اس فیچر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں اسٹیٹس پر وائس نوٹ سپورٹ کی فعالیت واضح کی گئی ہے۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیٹس ٹیب کے نیچے موجود نئے آئیکن کے ذریعے اسٹیٹس اپ ڈیٹ پر فوری طور پر وائس نوٹ بھیجا جا سکے گا۔
تاہم وائس نوٹ کے اسٹیٹس پر بھی پرائیویسی ہوگی یعنی اسے صرف وہی لوگ سن سکیں گے جنہیں آپ سنانا چاہیں گے۔
واٹس ایپ نے فی الحال یہ اعلان نہیں کیا کہ صارفین اس فیچر کو باقاعدہ طور پر کب استعمال کر سکیں گے تاہم اس فیچر پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔