ٹوئٹر کے ویری فائیڈ اکاؤنٹ والے صارفین اب فیس ادا کریں گے: رپورٹ

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

ٹوئٹر کے ویری فائیڈ یعنی بلیو ٹک رکھنے والے صارفین کو اب اس مد میں فیس ادا کرنا ہوگی۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اہم تبدیلیاں شروع کردی ہیں جس میں انہوں نے صارفین کے ویری فکیشن کے طریقہ کار کو مکمل طور پر جانچنے کا فیصلہ کیا ہے۔

س حوالے سے ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ٹوئٹر صارفین کے ویری فکیشن کے طریقہ کار پر دوبارہ غور کرے گا، ویری فکیشن کے پورے عمل میں فوری طور پر تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔

ایلون مسک نے اس حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ٹوئٹر پر بلیو ٹک رکھنے والے صارفین سے اس مد میں فیس وصول کی جائے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ صارفین کو ٹوئٹر بلیو کو سبسکرائب کرنا ہوگا جس کے لیے 20 ڈالر ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا تاہم بلیو ٹک رکھنے والے اکاؤنٹس کی ویری فکیشن اب ٹوئٹر کا حصہ ہوگی۔