ٹِک ٹاک وائرل افیکٹ اور فلٹرز کے تخلیق کاروں کے لیے 60 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

بیجنگ: مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹِک ٹاک وائرل افیکٹ اور فلٹرز بنانے والے تخلیق کاروں کے لیے فنڈ متعارف کرانے کا اعلان کرنے جا رہی ہے۔

ٹِک ٹاک کے ایفکٹ کریئٹر ریوارڈز پروگرام نے پلیٹ فارم کے سب سے زیادہ وائرل ہونے والے افیکٹ اور فلٹرز کے تخلیق کاروں کو ادا کرنے کے لیے 60 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص کی ہے۔ ادائیگی کا عمل اس چیز سے مشروط ہوگا کہ کتنی ویڈیوز میں ان کے شیئر کردہ افیکٹ اور فلٹرز کو استعمال کیا گیا ہے۔

وہ افیکٹ جو 90 دنوں میں 5 لاکھ ویڈیوز میں استعمال کیا جائے گا اس کے تخلیق کار کو 700 ڈالرز ادا کیے جائیں گے۔ ان 90 ایام میں 5 لاکھ کی حد پار کرنے کے بعد ہر 1 لاکھ ویڈیوز پر اضافی 140 ڈالرز ادا کیے جائیں گے۔ جس کا مطلب ہے کہ اگر آپ کا فلٹر 90 دنوں میں 10 لاکھ بار شیئر کر لیا جاتا ہے تو ٹِک ٹاک کی جانب سے آپ کو 1400 ڈالرز ادا کیے جائیں۔
اس حوالے سے فی دن فی ویڈیو ایک شخص کی اجازت ہوگی۔ اگر کوئی شخص ایک دن میں ایک فلٹر کی 10 ویڈیوز بناتا ہے تو وہ ایک ہی شمار کی جائے گی۔