ٹک ٹاک ایپ کی جانب سے نئی کمیونٹی گائیڈلائنز کا نفاذ

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

کیا آپ کو ٹک ٹاک کا فار یو پیج کچھ مختلف نظر آ رہا ہے؟ تو اس کی وجہ سوشل میڈیا ایپ کی جانب سے نئی کمیونٹی گائیڈلائنز کا نفاذ ہے۔

ٹک ٹاک کی نئی کمیونٹی گائیڈلائنز کا نفاذ 17 مئی سے ہوا ہے جس کا باضابطہ اعلان اپریل 2024 میں کیا گیا تھا۔

ٹک ٹاک کی جانب سے اس نئی پالیسی کے تحت فار یو فیڈ میں نفرت انگیز اور گمراہ کن مواد کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

ٹک ٹاک کی جانب سے ایسے موضوعات کی طویل فہرست مرتب کی گئی ہے جن کو اب ایپ کی فار یو فیڈ کے لیے ریکومینڈ نہیں کیا جائے گا۔

اس فہرست میں چند کیٹیگریز تو عام ہیں جیسے نامناسب یا پرتشدد مواد، مگر اس کے ساتھ ساتھ چند ایسے موضوعات کو بھی شامل کیا گیا ہے جو ماضی میں ایپ کے اندر تنازعات کا باعث بن چکے ہیں۔

مثال کے طور پر نئی گائیڈ لائنز کے تحت خطرناک سرگرمیوں یا چیلنجز پر مبنی ویڈیوز کو فار یو فیڈ میں نہیں دکھایا جائے گا۔

اسی طرح جسمانی وزن میں کمی یا ڈائیٹنگ سے متعلق گمراہ کن مواد کو بھی فار یو فیڈ میں جگہ نہیں ملے گی۔

فار یو فیڈ کی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ ٹک ٹاک کی جانب سے ایسے صارفین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جو مسلسل گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کریں گے۔

ایسے صارفین کی مخصوص پوسٹس کے ساتھ ساتھ ان کے اکاؤنٹ کو سرچ میں تلاش کرنا بھی مشکل بنا دیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے ایک نیا اکاؤنٹ اسٹیٹس فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جس سے صارفین کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ ایپ کے اصولوں کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہے۔

اصولوں کی خلاف ورزی پر ٹک ٹاک کا اکاؤنٹ اسٹیٹس صارفین کو اکاؤنٹ یا پوسٹس پر لگنے والی اسٹرائیک کے بارے میں بتائے گا۔