پاکستان سمیت کئی ممالک میں واٹس ایپ سروس متاثر، صارفین پیغامات بھیجنے سے قاصر

Aliسائنس و ٹیکنالوجی

ہفتے کے روز پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں واٹس ایپ صارفین کو سروس میں خلل کا سامنا رہا، جس کے باعث متعدد صارفین پیغامات بھیجنے یا وصول کرنے سے قاصر رہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان میں یہ بندش دوپہر کے وقت شروع ہوئی۔ صارفین نے شکایت کی کہ وہ نہ صرف ٹیکسٹ پیغامات بلکہ تصاویر اور ویڈیوز بھی واٹس ایپ کے ذریعے نہیں بھیج پا رہے۔

یہ مسئلہ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا جہاں صارفین نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور واٹس ایپ ایپلیکیشن تک رسائی میں دشواریوں کی نشاندہی کی۔

ایک صارف نے ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر لکھا: "نہ پیغامات بھیجے جا رہے ہیں اور نہ ہی میڈیا فائلز اپلوڈ ہو رہی ہیں۔”

تاحال واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا کی جانب سے اس بندش کی وجہ یا اس کے دورانیے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

اطلاعات کے مطابق، یہ خلل ایک وسیع تر عالمی تکنیکی مسئلے کا حصہ ہے جو واٹس ایپ کی سروسز کو متاثر کر رہا ہے۔