ورجینیا: امریکا نے اپنی جنوب مغربی سرحد کی نگرانی کےلیے روبوٹ کتوں کی تعیناتی شروع کردی ہے جو وہاں موجود انسانی دستوں کی مدد کررہے ہیں اور سرحد پار سے امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کا راستہ روک رہے ہیں۔
اگرچہ یہ روبوٹ کتے امریکا کی ’سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈائریکٹوریٹ‘ نے ’یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن‘ کےلیے تیار کیے ہیں تاہم یہ دیکھنے میں بالکل ’اسپاٹ‘ روبوٹ کتوں کی طرح دکھائی دیتے ہیں جن کی آزمائشیں آج کل امریکی پولیس اور شہروں میں امن و امان قائم کرنے والے دوسرے اداروں کے تحت جاری ہیں۔
سرحدی نگرانی پر تعینات روبوٹ کتوں کے بارے میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنی حالیہ پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ ان روبوٹ کتوں کو بطورِ خاص دشوار گزار اور سخت ماحول والے مقامات میں نگرانی کےلیے تیار کیا گیا ہے۔
فی الحال یہ امریکی فوجیوں کے ساتھ تعینات کیے گئے ہیں تاہم کچھ عرصہ تربیت اور مزید بہتر بنانے کے بعد یہ مکمل خودکار طور پر سرحدی نگرانی کے قابل ہوجائیں گے اور انہیں انسانی رہنمائی اور ہدایت کی ضرورت نہیں رہے گی۔
چار ٹانگوں اور مضبوط جسم کے علاوہ ان روبوٹ کتوں کے سروں پر ایک طاقتور کیمرا بھی نصب ہے جس کے ذریعے یہ ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھتے ہیں اور اس خبر مسلسل اپنے آپریٹر کو بھیجتے رہتے ہیں۔
سرِدست یہ مسلح نہیں لیکن بہت جلد انہیں غیرقانونی طور پر سرحد پار کرنے والوں کو روکنے کےلیے مناسب ہتھیاروں سے لیس بھی کیا جاسکے گا۔
امریکا کی ایس اینڈ ٹی ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو بتدریج آگے بڑھاتے ہوئے ان روبوٹ کتوں کی صلاحیت میں بھی مسلسل اضافہ کیا جائے گا۔