Zara Rutherford

نوعمر پائلٹ’ زارا’ تنہا دنیا کا چکر لگانے والی کم عمرترین خاتون بن گئیں

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

برسلز : 19 سالہ زارا رتھر فورڈ کا سفر 18 اگست 2021 کو بیلجیئم کے شہر کورٹریج سے شروع ہواجو 20 جنوری 2022 کو ختم ہو ا، اس دوران انہوں نے 5 براعظموں میں سفر کیا جس میں انہوں نے 60 سے زائد بار اسٹاپ بھی کیا۔زارا نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ‘میں بہت خوش ہوں کہ میں نے 32ہزار میل پرواز کا چیلنج مکمل کرلیا’۔

نوعمر پائلٹ کا کہنا تھا کہ اس سفر میں سب سے مشکل حصہ سائبیریا کے اوپر سے گزرنا تھا کیونکہ وہ بہت سرد علاقہ تھا، اگر وہاں انجن رک جاتا ہے تو ریسکیو کرنے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ۔

زارا نے کہا کہ میں لوگوں کو اپنے تجربات کے بارے میں بتانے اور لوگوں کو زندگی میں کچھ منفرد کرنے پر زور دوں گی ، انہوں نے کہا کہ ‘اگر آپ کو موقع ملے تو آپ یہ ضرور کریں’۔رپورٹس کے مطابق زارا کے والدین دونوں پائلٹ ہیں جبکہ زارا دوسری لڑکیوں کو (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی) کے پیشوں میں آنے کی ترغیب دینے کی امید رکھتی ہے۔

اس کے علاوہ زارا اس چیلنج کو مکمل کرنے والی سب سے کم عمر خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مائیکرو لائٹ میں دنیا کا چکر لگانے والی پہلی خاتون اور پہلی بیلجیئم شہری ہیں جنہوں نے ہوائی جہاز کے ذریعے تنہا دنیا کا چکر لگایا۔ اس سے قبل دنیا بھر میں تنہا سفرکرنے والی سب سے کم عمر خاتون امریکی شائستہ وائز تھیں، جو 2017 میں اپنے چیلنج کے وقت 30 سال کی تھیں۔