بیونس آئرس: ارجنٹائن میں ایک پُراسرار وبا نے شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں اب تک 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ 61 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن کے صوبے تُوکُومان میں پُراسرار بیماری نے ڈیرے ڈال دیئے تھے۔ بیماری کی علامات نمونیہ سے ملتی ہیں۔ مریضوں کو تیز بخار، قے اور اسہال کی شکایت ہوتی ہے اور وہ نمونیہ کی دوا بھی زیادہ کارگر ثابت نہیں ہو پارہی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مریضوں میں علامات کو دیکھتے ہوئے ابتدائی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ نمونیہ کی ایک قسم ہوسکتی ہے لیکن اس سے قبل یہ قسم کہیں اور دیکھنے میں نہیں آئی۔
اب تک کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اس پراسرار بیماری سے ہلاک اور متاثر ہونے والوں میں سے اکثریت کا تعلق صوبے تُوکُومان کے ایک ہیلتھ کلینک سے ثابت ہوا ہے۔
ماہرین کی اب تمام تر توجہ اسی کلینک پر ہے۔ اس بیماری سے ہلاک ہونے والے تینوں افراد اسی کلینک میں زیر علاج تھے۔ ہلاک اور متاثر ہونے والے افراد کو کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔
محققین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ تاحال یہ طے نہیں کر سکے کہ اس بیماری کی وجوہات کا تعلق ممکنہ طور پر کسی زہر سے بھی ہو سکتا ہے اور کیا تُوکُومان کے متاثرہ خطے میں پائے جانے والے ماحولیاتی عوامل بھی وجہ ہوسکتی ہے۔