امریکا میں پست قد مردوں کی بڑھتی تعداد دراز قد کیلئے سرجری کی طرف مائل

eAwazصحت

کنیکٹی کٹ: کچھ پست قد مرد اپنے قد کو لے کر واقعی احساس کمتری کا شکار ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکا میں پست قد مردوں کی بڑھتی تعداد دراز قد کیلئے سرجری کی طرف مائل ہو رہی ہے۔

ییل لمب رسٹوریشن اینڈ لینتھننگ پروگرام کے شریک ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈیوڈ فرمبرگ نے کہا کہ اعضاء کو لمبا کرنے کا طریقہ کار کئی دہائیوں سے جاری ہے اور عام طور پر بیماریوں اور پیدائشی نقائص جس میں دونوں ٹانگیں یا ایک ٹانگ چھوٹی ہوتی ہے، کو درست کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پہل آپ بنیادی طور پر جسم کو قائل کرتے تھے کہ اُس کی ہیئرلائن فریکچر ہے جس پر جسم شفا بخش ردعمل کا آغاز کرتا تھا۔ پھر آپ دھیرے دھیرے ہڈی کو علیحدہ کرتے تھے اور جسم کا شفا بخش ردعمل مطلوبہ لمبائی تک جاری رہتا تھا۔
تاہم فرمبرگ کا کہنا تھا حالیہ نئی ٹیکنالوجی نے ٹانگ کی ہڈی کے اندر لگائی گئی ٹیلی سکوپنگ راڈ کی مدد سے ایک یا دونوں ٹانگوں میں انچز کے اضافے کو بہت آسان بنا دیا ہے۔

اس جدید طریقہ کار میں آرتھوپیڈک سرجن کسی شخص کی ٹانگ کی ہڈی کو آہستہ سے توڑتا ہے جس سے خون کی فراہمی برقرار رہتی ہے اور پھر ہڈی کی لمبائی کے اندر ٹائٹینیم راڈ داخل کرتا ہے۔