امریکا کی کئی ریاستوں میں کتوں میں پُراسرار اور مہلک سانس کی بیماری پھیل رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جانوروں کے ڈاکٹر اس بیماری کے کیسز بڑھنے پر پریشان ہیں اور اس کی بنیادی وجہ جاننے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کتوں میں یہ بیماری کھانسی سے شروع ہوتی ہے جو مستقل کچھ ہفتوں تک رہتی ہے، اس بیماری کی وجہ سے کئی کتے مر بھی چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس پُراسرار بیماری سے متاثرہ کتوں میں کھانسی، چھینکیں، آنکھ سے پانی آنا، نزلہ اور تھکاوٹ جیسی علامات پائی جاتی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس بیماری کی وجہ سے پالتو جانوروں کے مالکان اور جانوروں کے ڈاکٹرز میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اس حوالے سے ایک امریکی ڈاکٹر نے کہا ہے کہ ان کے اسپتال میں کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، اکتوبر کے وسط سے تقریباً 30 کتے اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کیسز میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک اور جانوروں کے ڈاکٹر نے لوگوں سے احتیاطی تدابیر کے تحت کتوں کی ویکسینیشن کرانے اور متاثرہ جانوروں سے دور رہنے کی تجویز دی ہے۔