کچھ افریقی ممالک میں ایبولا وائرس پھیلنے کی اطلاعات کے بعد وزارت قومی صحت نے مشتبہ مریضوں کو ’آئیسولیٹ‘ کرنے اور علیحدہ رکھنے کے لیے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور دیگر داخلی مقامات پر کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز (آئی ایچ آر) کی ہدایات کے مطابق وزارت قومی صحت نے سرحدی امور اور شعبہ صحت کے محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوسرے ممالک، خاص طور پر براعظم افریقہ سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ لازمی کریں اور جس شخص میں بھی ایبولا وائرس کی علامات پائی جائیں، اسے فوری طوری پر آئیسولیٹ رکھا جائے۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ افریقی ملک یوگینڈا نے ایبولا کو وبائی مرض قرار دے دیا ہے اور اس وائرس کے پاکستان میں مریضوں یا مسافروں کے ذریعے داخل ہونے کا خدشہ ہے۔
عبدل القادر پٹیل نے مزید کہا کہ آئی ایچ آر کی ہدایات کے مطابق نگرانی اور جانچ پڑتال کو بڑھا دیا گیا ہے اور وبائی مرض سے لوگوں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آنے والے تمام مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کی جائے گی۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق یوگینڈا کے شعبہ صحت کے حکام نے لیبارٹری سے تصدیق ہونے کے بعد سوڈان سے آنے والے وائرس کی وجہ سے ایبولا وائرس وبا کا اعلان کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ایبولا وائرس کا خطرہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کہ اب سے چند ماہ قبل ہی وزارت صحت نے وفاقی اور صوبائی حکام کو پوری دنیا میں منکی پاکس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد چوکس اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی۔