India's cruise ship

بھارت کے کروز شپ میں کرونا کی وبا پھوٹ پڑی

eAwazصحت

نیو دہلی : بھارت کے کروز شپ میں کرونا کی وباء پھوٹنے کے بعد 2000 مسافروں میں سے 66 مسافروں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق بھارتی طبی عہدیدار کا کہنا ہے کہ کروز شپ میں سوار 66 افراد کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

کروز شپ میں موجود 2 ہزار سے زائد افراد کو باہر نکلنے سے روک دیا گیا ہے۔ شپ ممبئی سے گوا جا رہا تھا۔وائرس کی تصدیق کے بعد پورٹ حکام نے کروز شپ کو اس کی منزل کے قریب گزشتہ روز روکا۔ گوا کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ مسافروں کو جہاز سے نکلنے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلہ ابھی زیر غور ہے۔دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے۔

گزشتہ روز کورونا کے 33 ہزار 750 کیسز اور 123 اموات رپورٹ ہوئیں۔وائرس سے متاثرہ افراد کی یہ تعداد 18ستمبر کے بعد سے یومیہ کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ ہے، جب کہ کرونا کے اومی کرون ویرینٹ کیسز کی تعداد 1700ہوگئی ہے۔ بھارت میں 15 سے 18سال کی عمر کے بچوں کیلئے کرونا ویکسینیشن کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔

دوسری جانب گوا میں بھی اومی کرون ویرینٹ کے 4 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں، وزارت صحت کے مطابق متاثرہ ایک مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی موجود نہیں، ممکنہ طور پر مریض کو اومی کرون کسی دوسرے شخص سے رابطے کے باعث ہوا ہے۔

گوا میں 4 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ریاست میں مزید سخت پابندیوں کا خدشہ ہے۔وزیراعلیٰ پرامود ساونت کے مطابق ریاست میں رات کے کرفیو کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے، کرفیو کا اطلاق رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوگا، جب کہ 8 سے 12 ویں تک کی جماعتوں کو بھی ایک بار پھر آن لائن منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی اداکار جان ابراہم اور ان کی اہلیہ کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ اداکار جان ابراہم کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ مکمل ویکسینیشن شدہ ہیں اور ان میں کرونا کی معتدل علامات ہیں۔