ترکی کے ایک اسپتال میں ڈاکٹرز کی ٹیم نے 3D ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جڑواں بچوں کو نو گھنٹے سے کم وقت میں کامیابی کے ساتھ الگ کردیا۔ سرجنز کے اس نوعیت کے تیز ترین آپریشن نے عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق الجزائر میں پیدا ہونے والے جڑواں بچے جو کہ سینے کی ہڈی کے ساتھ جڑے ہوئے پیدا ہوئے اور ان کے دل بھی دو تھے۔انہیں کامیاب آپریشن کے بعد الگ کردیا گیا اور اب دونوں بچےاپنے طور پر زندہ رہنے کے قابل ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جڑواں بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے لیکن وہ اب بھی ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ہیں۔
استنبول کے اسپتال میں آپریشن کی نگرانی کرنے والے پروفیسر مہمت ویلی کرالٹن نے کہا کہ پیشہ ورانہ کام سرانجام دینے پر وہ اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم جڑواں بچوں کو ایک منصوبے کے تحت الگ کرنے میں کامیاب ہوئے جس میں تقریباً نو گھنٹے لگے۔
اسپتال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پروفیسر کرالٹن کی ٹیم میں درجنوں طبی ماہرین شامل تھے، جنہوں نے طریقہ کار کو کامیاب انجام تک پہنچانے کے لیے کئی نئے طریقوں کا استعمال کیا۔