Germany; The nose of a person infected with monkeypox started to rot

جرمنی: منکی پاکس سے متاثرہ شخص کی ناک گلنا شروع ہوگئی

eAwazصحت

جرمنی میں منکی پاکس سے متاثرہ شخص کی ناک گلنا شروع ہوگئی۔ ماہرین کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا واحد کیس ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ کیس اس وقت سامنے آیا جب 40 سالہ متاثرہ شخص ناک پر سرخ نشانات کی شکایت لے کر ڈاکٹرز کے پاس پہنچا لیکن اسے سن برن قرار دے کر واپس بھیج دیا گیا بعدازاں اس کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔

مریض کی حالت بگڑنے پر ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا۔ معائنے میں منکی پاکس کے علاوہ ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی، جس کی وجہ سے اس کی ناک میں نیکروسس ہو گیا تھا جس میں اعضاء گلنا شروع ہو جاتے ہیں۔

متاثر شخص کی تصاویر نے دنیا بھر کے ڈاکٹروں کو حیران و پریشان کردیا ہے، اس شخص کی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے مذکورہ کیس انفیکشن جرنل میں شائع کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیکروسس کی وجہ سے اس شخص کی ناک تین دن میں سرخ سے سیاہ ہوگئی۔

متاثرہ مریض کو انفیکشن کے علاج کے لیے ادویات دی گئیں جس سے زخم تو سوکھ گئے اور تکلیف میں جزوی طور پر بہتری آئی۔ لیکن تکلیف ختم نہیں ہوئی۔

ماہرین کے مطابق انفیکشن کی وجہ سے اس شخص کے جسم کے ٹشوز ختم ہو رہے ہیں اور اب متاثر شخص کی ناک کی جگہ اب سیاہ کھرنڈ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس کے مکمل جسم پر سفید پس والے دانے نمودار ہوجائیں گے جن کا ٹھیک ہونا مشکل ہے۔

انفیکشن جرنل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایچ آئی وی کے باعث مریض کا مدافعتی نظام کمزور ہوکر ختم ہوچکا ہے جس کے باعث اس کا کیس تشویش ناک حد تک بڑھ کر نیکروسس میں تبدیل ہوگیا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق یہ کیس اپنی نوعیت کا واحد کیس ہے جو ایچ آئی وی کے لاعلاج ہونے کے باعث شدت اختیار کرگیا ہے۔

جولائی 2022 میں، عالمی ادارے صحت ڈبلیو ایچ او نے منکی پاکس کو عالمی صحت کی ایمرجنسی قرار دے دیا ہے جو جسمانی رابطے سے پھیلتا ہے۔

امریکہ اور اسپین کے بعد جرمنی میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ رواں سال 20 مئی سے اب تک جرمنی میں 3,186 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔