ویسے تو دنیا بھر میں ذیابیطس کے مرض میں اضافہ ہورہا ہے ، کسی کو ٹائپ ون تو کوئی خطرناک ٹائپ 2 کا شکار ہے لیکن پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
جارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ریاضی اور شماریات کے شعبہ کے زیر اہتمام چلنے والے ایک ادارے ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے ایک تحقیق کی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان میں شوگر کے مرض کی شرح 30.8 فیصد ہے۔
اس تحقیق میں 38 ممالک پر مشتمل ڈیٹا دیا گیا جس میں پاکستان کا پہلا نمبر ہے جب کہ دوسرا کویت جہاں ذیابیطس کا مرض 24.9 فیصد ہے اور تیسرے نمبر پر موجود مصر میں شوگر کا مرض 20.9 فیصد ہے۔
شوگر کے مریضوں کا سب سے کم تناسب نائیجیریا میں رہا جہاں یہ مرض 3.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر دنیا بھر میں ماہرین کی جانب سے عوام کو ورزش کرنے پر زور دیا جاتا ہے جس سے ناصرف شوگر جیسے مرض کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے بلکہ دیگر بیماریوں سے بھی بچا جاسکتا ہے۔