راولپنڈی میں مچھر کے ذریعے پھیلنے والے وائرل انفیکشن ڈینگی کے پیشِ نظر انسدادِ ڈینگی مہم کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر 217 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ انسدادِ ڈینگی کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 عمارتوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کے مطابق بارہا وارننگ کے باوجود خلاف ورزیوں پر 3 ہوٹل مالکان کو بھاری جرمانے کیے گئے۔
ضلع بھر میں ٹیمیں تمام گھریلو و صنعتی علاقوں کی سرویلینس کر رہی ہیں۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے بتایا ہے کہ انسدادِ ڈینگی کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہری ماحول کو صاف اور خشک رکھ کر ڈینگی کے خاتمے کی مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔