ایک طویل اور منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ قوت سماعت یا کانوں کی بیماریوں اور مسائل کا بروقت اور بہتر علاج کروانے سے نہ صرف زندگی بہتر ہوسکتی ہے بلکہ اس سے زندگی طویل بھی ہوسکتی ہے۔
طبی جریدے دی لینسٹ میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین کی جانب سے 1999 سے 2012 تک کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا کہ کانوں کے مسائل کا بروقت علاج کروانے سے مختلف بیماریوں میں مرنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
تحقیق کے دوران ماہرین نے 10 ہزار رضاکاروں کی صحت اور ڈیٹا کا جائزہ لیا، اس میں سے 1800 رضاکار ایسے تھے، جنہیں قوت سماعت کی بیماری تھی، یعنی کہ وہ بہرے پن کا شکار ہوچکے تھے۔
بہرے پن کے شکار افراد میں سے 237 رضاکار ایسے تھے، جنہوں نے بیماری کو قابو کرنے کے لیے ڈیوائسز سمیت دیگر علاج کی سہولیات لے رکھی تھیں اور وہ ہفتے میں ایک بار ادویات لیتے تھے جب کہ باقی 1483 افراد کوئی بھی علاج یا ڈیوائس استعمال نہیں کرتے تھے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ تحقیق کے دوران کسی بھی رضاکار کے مرنے کا واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم مجموعی طور پر بہرے پن یا کانوں کی بیماریوں کا علاج کروانے والے افراد کی زندگی بہتر اور طویل ہوئی۔
ماہرین کے مطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ کانوں کی بیماریوں اور مسائل کا بروقت علاج کروانے سے کسی بھی بیماری سے مرنے کے امکانات 24 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کانوں کی بیماریاں یا مسائل ذہن کو غیر فعال کرنے سمیت ڈیمینشیا، الزائمر اور دیگر اعصابی اور دماغی بیماریاں دے سکتی ہیں جب کہ بہرے پن کے شکار افراد سماج سے کٹ جانے کے بعد بھی دل شکستہ ہوجاتے ہیں، جس وجہ سے ان کے جلد مرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔