وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت نے جسمانی خارش کی بیماری ‘منکی پاکس’ کی ٹیسٹنگ کٹس کا آرڈر دے دیا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے ان رپورٹس کو مسترد کردیا کہ اس مرض کے کچھ کیسز پاکستان میں بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ منکی پاکس ایک متعدی بیماری ہے جو رواں ماہ مئی کے دوران یورپ میں سامنے آئی تھی اور متحدہ عرب امارات میں بھی اس کا کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے (ٹیسٹنگ کے لیے) کٹس کا آرڈر دے دیا ہے جو جلد پہنچ جائیں گی’۔
انہوں نے پاکستان میں اس بیماری کے پھیلاؤ کی رپورٹس کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔
وزیر صحت نے کہا کہ ‘ہم نے ملک کے تمام داخلی مقامات پر سب (عملے) کو الرٹ کردیا ہے اور اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا’۔
قبل ازیں قومی ادارہ صحت نے بھی تصدیق کی تھی کہ اب تک پاکستان میں منکی پاکس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک میں اس بیماری کی موجودگی کے حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات ‘غلط’ ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے یہ وضاحت ایک انتباہ جاری کرنے کے ایک روزبعد سامنے آئی تھی، جس میں قومی اور صوبائی صحت کے حکام سے کہا گیا تھا کہ وہ منکی پاکس کے کسی بھی مشتبہ کیس کے لیے ہائی الرٹ رہیں۔