امریکی کمپنی موڈرنا نے کہا ہے کہ اس کی کووڈ 19 ویکسین 6 ماہ سے 6 سال تک کے بچوں میں کورونا وائرس سے لڑنے والی ٹھوس اینٹی باڈیز بناتی ہے۔
درحقیقیت کمپنی کا کہنا ہے کہ اینٹی باڈیز کی سطح بالغ افراد میں بننے والی اینٹی باڈیز سطح سے ملتی جلتی ہوتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق بیماری سے تحفظ کے لیے 6 ماہ سے 2 سال کی عمر کے بچوں میں ویکسین کی افادیت 43.7 فیصد جبکہ 2 سے 6 سال کی عمر کے بچوں میں 37.5 فیصد ہے۔
ب کمپنی کی جانب سے اس ڈیٹا کی بنیاد پر امریکا میں 6 ماہ یا اس سے زائد عمر کے بچوں کے لیے ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری کی اجازت کے لیے درخواست دی جائے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ ان بچوں میں ویکسین کی افادیت کی کم شرح اومیکرون کی لہر کے دوران بالغ افراد میں دریافت ہونے والی افادیت سے ملتی جلتی تھی۔
اس ٹرائل میں شامل 6900 بچوں میں سے جن کو کووڈ 19 کا سامنا ہوا ان میں سے اکثریت میں بیماری کی شدت معمولی تھی جبکہ بہت زیادہ بیمار ہونے، ہسپتال میں داخلے یا موت کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ٹرائل میں شامل بچوں کو ویکسین کی 25 مائیکرو گرام کی 2 خوراکیں 28 دن کے دوران استعمال کرائی گئیں۔
بچوں میں ویکسنیشن کے مضر اثرات معمولی سے معتدل دریافت ہوئے۔
نیوز سورس ڈان نیوز