یروشلم: ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوزائیدہ بچوں کے کم وزن کی بڑی وجہ بڑھتی فضائی آلودگی بن رہی ہے۔
ہیبریو یونیورسٹی میں وبائی امراض کے ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں حمل کے دوران فضائی آلودگی سے نمائش اور کم پیدائشی وزن کے درمیان ایک اہم تعلق دیکھا گیا ہے۔
تحقیق میں لوگوں خاص طور پر حاملہ خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے فضائی آلودگی کے کنٹرول کو اور زیادہ موثر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
رپورٹ ہیبریو یونیورسٹی کے ڈاکٹر ویسام ابو احمد اور ان کے ساتھی پروفیسر رونیٹ نیرل نے جاری کی ہے جو جریدے ’سائنس آف دی ٹوٹل انوائرمنٹ‘ میں شائع ہوئی ہے۔
ابو احمد کا نیوز ریلیز میں کہنا تھا کہ ہمارا تجزیہ جنین کی نشوونما پر فضائی آلودگی کے اثرات میں علاقائی تغیرات کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔ یہ فضائی آلودگی کی نگرانی اور اسے کم کرنے کے لیے خطے کے لحاظ سے کیے جانے والے موثر اقدامات پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مطالعہ قبل از پیدائش کی نشوونما پر آلودگی کے نمایاں اثرات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اسے کم کرنے اور اس پر کنٹرول رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کرتا ہے۔