وزن میں کمی کرنے والی دوا ‘اوزمپیک’ آپریشن میں خطرناک ہو سکتی ہے

eAwazصحت

الینوئے: امریکن سوسائٹی آف اینستھیزیولوجسٹ (ماہرین تخدیر) نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ وزن میں کمی کیلئے استعمال کی جانے والی دوا Ozempic آپریشن سے گزرنے والے مریضوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔

اوزمپیک اور اس طبقے کی دوسری دوائیں جنہیں GLP-1 رسیپٹر ایگونسٹ کہا جاتا ہے، ہاضمے کو سست کرتی ہیں جس سے بھوک کم لگتی ہے اور وزن کم ہوتا ہے۔

امریکن سوسائٹی آف اینستھیزیولوجسٹ کے صدر ڈاکٹر مائیکل چیمپیو نے کہا کہ آپریشن میں بیہوشی کے دوران پیٹ میں رہ جانے والا کھانا قے ہونے کا خطرہ بڑھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسے کیسز کی اطلاع ہے کہ جب آپریشن سے پہلے مریض نے ایسی دوا کھائی تو اسے اُلٹی ہوئی حالانکہ اس وقت انکے پیٹ میں کھانا موجود نہیں ہونا چاہیے تھا۔
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ جیسے ہی ہمارے پاس ایسی رپورٹس آئیں، ہم نے فوراً اس پر کام شروع کردیا کہ کہ دوا کیسے کام کرتی ہے اور اس کا طریقہ کار کیا ہے۔

آخر میں ادارے نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا اگر آپ دن میں ایک بار ایسی دوا لیتے ہیں تو سرجری کی صبح اپنی روزانہ کی خوراک کو آپریشن سے پہلے ترک کردیں۔