وزن گھٹانے والی ادویات سے نابینا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے؛ نئی تحقیق

eAwazصحت

میساچوسٹس: ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ وزن گھٹانے والی معروف ادویات اوزیمپک یا ویگووی لیتے ہیں ان میں نابینا ہوجانے کی ایک نایاب بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

امریکا میں ماس آئی اینڈ ایئر کے اسپتال کے ڈاکٹروں نے حال ہی میں NAION کے مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھا ہے جو کہ ایک آنکھ کی خرابی کی قسم ہے جس کی وجہ سے آنکھ میں اچانک بینائی ختم ہو جاتی ہے۔

یہ حالت نسبتاً نایاب ہے، عام آبادی کے 100,000 افراد میں سے 10 اس کا تجربہ کر سکتے ہیں۔ لیکن ڈاکٹروں نے ایک ہفتے میں تین کیسز نوٹ کیے اور ان میں سے ہر ایک مریض مذکورہ بالا ادویات میں سے دونوں یا ایک دوائی لے رہا تھا۔

سرکردہ محقق ڈاکٹر جوزف ریزو نے کہا کہ ان ادویات کا استعمال صنعتی ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اگرچہ ان دواؤں نے کئی پہلوؤں سے بہت اہم فوائد فراہم کیے ہیں لیکن مستقبل میں مریض اور معالج کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اس دوا کیوجہ سے NAION کے ممکنہ خطرے کو بھی شامل بحث کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیق کے نتائج کو اہم لیکن نامکمل کے طور پر دیکھا جانا چاہئے کیونکہ مستقبل میں مزید مطالعے کی ضرورت ہے تاکہ مزید وضاحت ہوسکے اور متنوع آبادی کو لے کر تحقیق کی جائے۔