وزیرصحت عبدلقادر پٹیل نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔
رپورٹ کے مطابق عبدالقادر پٹیل نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے مرحلے میں سندھ اور پنجاب میں شروع کی گئی پولیو مہم 17 مارچ تک جاری رہے گی۔
ساتویں قومی مردم شماری کی سرگرمیوں کی وجہ سے 5 روزہ پولیو مہم 2 مراحل میں منعقد کی جا رہی ہے۔
پہلے مرحلے میں 13 سے 17 مارچ کے دوران پنجاب کے 13 اضلاع، سندھ اور اسلام آباد کے 16 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 74 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، دوسرا مرحلہ 3 سے 7 اپریل تک ہوگا۔
رمضان کے دوسرے ہفتے میں بلوچستان کے 12 اضلاع اور خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع بشمول صوبے کے جنوبی سات اضلاع میں 41 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے والدین پر زور دیاکہ وہ اپنے بچوں کوپولیو ویکسین دیں تاکہ وہ پولیو وائرس سے محفوظ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی سے پتا چلتا ہے کہ یہ وائرس ہماری کمیونٹیز میں گردش کر رہا ہے اور ہمارے بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر سے جاری بیان میں ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پاکستان میں ستمبر 2022 کے بعد سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، گزشتہ سال پولیو کی وبا نے 20 بچوں کو معذور کر دیا تھا، یہ تمام 20 کیسز خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے تھے۔
رواں برس جنوری میں لاہور کے دو الگ الگ مقامات سے ماحولیاتی نمونوں میں پہلی بار پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے مزید دو نمونوں میں پولیو کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔