پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کینسر سے آگاہی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں کینسر سے آگاہی کا عالمی دن4 فروری کو منایا جا رہا ہے۔
پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ سال پاکستان میں کینسر کے 178,000 نئے کیس رجسٹرڈ ہوئے اور اندازاً ایک لاکھ سے زائد افراد کینسر کے باعث وفات پا گئے۔
پیما کے زیر اہتمام ملک بھر میں کینسر سے آگاہی کے پروگرامات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
کینسر کا علاج کرنے والے ملک کے نامور طبی ماہرین پیما کے ویبینار میں شریک ہوں گے جو رات ۹ بجے فیس بک پر براہ راست دکھایا جائے گا۔
مرکزی صدر پیما ڈاکٹر عبدالعزیز میمن، ڈاکٹر محمد قاسم، ڈاکٹر افتخار برنی اور ڈاکٹر عبدالرشید وہاب کا کہنا ہے کہ کینسر قابل علاج مرض ہے۔ بروقت تشخیص اور مکمل علاج سے کینسر جیسے موذی مرض سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔
طبی ماہرین نے زور دیا کہ صحت مند غذا اور فعال طرز زندگی کے ذریعے کینسر کے امکانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔