پاکستان میں کورونا کے دوبارہ سر اٹھانے کے خدشات بڑھنے لگے، پاکستان میں تقریباً 700 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 3.9 فیصد ہوگئی۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 694 نئے کورونا وائرس کیسز ریکارڈ کیے گئے جو گزشتہ روز 641 تھے۔
مثبت کیسز کی یہ تعداد 10 مارچ کے بعد سب سے زیادہ ہے جب کہ 723 انفیکشن کیسز کا پتا چلا تھا۔
مثبت کیسز کی شرح بھی ایک دن پہلے 3.41 سے بڑھ کر 3.93 ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 17 ہزار 640 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، انتہائی نگہداشت میں زیر علاج کورونا کے مریضوں کی تعداد 101 رہی جب کہ اس دوران کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد کیا، جس کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عیدالاضحیٰ سے قبل کورونا کیسز مثبت شرح کو کم کرنا ہوگا۔
اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ناصر حسین شاہ اور شرجیل انعام میمن، کراچی کے ایڈمنسٹریٹرمرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سومرو، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام نبی میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر سعید احمد مگنیجو اور دیگر حکام اور ماہرین صحت اور دیگر نے شرکت کی۔
سیکریٹری صحت سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں 24 جون سے مثبت کیسز کی شرح بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس تاریخ کو کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 248 تھی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 465 ہو گئی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے داخل ہونے کی شرح فی الحال کم دکھائی دیتی ہے۔