تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پروٹین پر مشتمل غذائیں کھانے سے نہ صرف نظام ہاضمہ اور خصوصی طور پر آنت اور معدے کی صحت بہتر ہو سکتی ہے بلکہ اس سے وزن بھی نہیں بڑھتا۔
طبی ویب سائٹ میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے حال ہی میں ایک کانفرنس کے دوران پروٹین پر مشتمل غذاؤں کے اثرات جاننے کی تحقیق کے نتائج پیش کیے۔
ماہرین نے بتایا کہ انہوں نے پروٹین پر مشتمل غذاؤں کا انسانی صحت اور خصوصی طور پر نظام ہاضمہ یعنی معدے، آنت، جگر اور غذائی نالی کی صحت سمیت وزن پر پڑنے والے اثرات جانچنے کے لیے محدود تحقیق کی۔
ماہرین نے 16 چوہوں پر چار ہفتوں تک تحقیق کی اور انہیں تحقیق کے دوران مختلف غذائیں دے کر ان کے نظام ہاضمہ کی صحت سمیت ان کے وزن اور مسلز کا حجم اور صحت بھی جانچی۔
ماہرین نے چوہوں کو پروٹین پر مشتمل غذائیں دینے سمیت انہیں دیگر اجزا کے ساتھ مشترکہ غذائیں بھی دیں اور تمام غذاوؕں کے بعد چوہوں کے خون اور فضلے کے ٹیسٹس کیے گئے جب کہ مشینوں کے ذریعے ان کے جسم اور مسلز کے سائز بھی جانچے گئے۔
ماہرین نے پایا کہ خالص پروٹین پر مشتمل غذاوؐں سے چوہوں کا نظام ہاضمہ بہتر ہوا جب کہ ان کا وزن بھی نہیں بڑھا بلکہ ان کے وزن میں کمی دیکھی گئی اور یہ کہ ان کے مسلز بھی زیادہ متحرک دکھائی دیے۔
ماہرین کے مطابق پروٹین پر مشتمل غذاؤں سے (Gut microbiota) کی صحت بہتر ہوئی، یعنی کے چوہوں کے نظام ہاضمہ کے اعضا معدے، آنت، غذائی نالی اور دیگر اعضا کی صحت بہتر ہوئی، جس وجہ سے ان کا وزن بھی نہیں بڑھا جب کہ مسلز بھی بہتر انداز میں کام کرنے لگے۔
اگرچہ ماہرین نے پروٹین پر مشتمل غذاؤں کو نظام ہاضمہ کے لیے بہتر قرار دیا، تاہم ساتھ ہی کہا کہ مذکورہ معاملے پر تحقیق کی جانی چاہیے، کیوں کہ ماضی میں زیادہ پروٹین کو نظام ہاضمہ کے مسائل کا ذمہ دار بھی قرار دیا جاتا رہا ہے۔