کورونا وائرس کی وبا کو 2 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے اور اس حوالے سے ویکسین تیار کرنے والی فائزر کمپنی کے سی ای او البرٹ بورلا نے کہا ہے کہ دنیا کو کووڈ 19 کے ساتھ رہنا سیکھنا ہوگا۔
ایس ایکس ایس ڈبلیو ایونٹ کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے فائزر کے سی ای او نے کہا ‘میرے خیال میں ہم اس وائرس کے ساتھ اسی طرح رہ سکتے ہیں جیسے ابھی سیکڑوں وائرسز کے ساتھ رہ رہے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ دنیا بھر میں لوگ احتیاطی تدابیر جیسے فیس ماسکس کا استعمال اور سماجی دوری سے بیزاری محسوس کررہے ہیں مگر وائرس اب بھی پھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے علاج کے لیے منہ کے ذریعے دی جانے والی ادویات کی اہمیت پر روشنی بھی ڈالی کیونکہ ان کے خیال میں اب بھی امکان ہے کہ متعدد افراد اس وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ بوسٹر ڈوز کے استعمال سے گریز، ویکسینیشن نہ کرانا یا کسی ایسے فرد سے ملنا ہوسکتا ہے جس نے ویکسینز کا استعمال نہ کیا ہو۔
ان کا کہنا تھا ‘یہی وجہ ہے کہ ٹریٹمنٹ کا کردار انتہائی اہم ہوسکتا ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ فائزر کا مقصد فلو شاٹ کی طرح سالانہ بنیادوں پر استعمال ہونے والی کووڈ ویکسین کو تیار کرنا ہے۔
مگر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں توقع نہیں کہ بیشتر افراد ہر سال ویکسین کی خوراک استعمال کرنے کی تجویز پر عمل کریں گے۔
نیوز سورس ڈان نیوز