آسٹریلوی اداکارہ کیٹ بلانشیٹ کا یورپی پارلیمنٹ میں غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

eAwazفن فنکار

آسٹریلوی اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی خیر سگالی سفیر کیٹ بلانشیٹ نے یورپی پارلیمنٹ میں غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 54 سالہ کیٹ بلانشیٹ نے یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے غزہ کی پٹی میں فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

اداکارہ نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کے موضوع پر یورپی پارلیمنٹ سے خطاب کیا اور وہاں فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

اداکارہ نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ میں شامی نہیں ہوں، میں یوکرینی نہیں ہوں، میں اسرائیل یا فلسطین سے بھی نہیں ہوں اور میں سیاست داں بھی نہیں ہوں لیکن میں گواہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں معصوم لوگوں کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

کیٹ بلانشیٹ نے کہا کہ سیاسی افراتفری میں دنیا میں 114 ملین افراد بے گھر ہوئے ہیں اور ان لوگوں کی اکثریت دوسرے ملکوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئی ہے۔

اس موقع پر ہال میں موجود اراکین نے اداکارہ کی بات پر تالیاں بھی بجائیں۔