آسکر ایوارڈز: فلم ‘اوپن ہائیمر’ 13 نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگے

eAwazفن فنکار

فلمی دنیا کے سب سے معتبر سمجھے جانے والے آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا، جس میں فلم ‘اوپن ہائیمر’ 13 نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگے رہی۔

ہالی وڈ کی اس فلم کو بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر (کرسٹوفر نولان)، بہترین اداکار (Cillian Murphy)، بہترین معاون اداکارہ (ایملی بلنٹ) اور بہترین معاون اداکار (رابرٹ ڈاؤنی جونیئر) سمیت دیگر شعبوں کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

96 ویں آسکر ایوارڈز میں بہترین فلم کے لیے اوپن ہائیمر کے علاوہ باربی،امریکن فکشن، دی ہولڈ اوور، کلرز آف دی فلاور مون، پاسٹ لائیوز، پور تھنگز، دی زون آف انٹرسٹ، Maestro اور Anatomy of a Fall کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

اوپن ہائیمر کے بعد پور تھنگز کو بہترین فلم کے ساتھ ساتھ بہترین ڈائریکٹر (Yorgos Lanthimos) اور بہترین اداکارہ (ایما اسٹون)سمیت سب سے زیادہ 11 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

کلرز آف دی فلاور مون کو بہترین ڈائریکٹر (Martin Scorsese) اور بہترین اداکارہ (للی گولڈ اسٹون) سمیت 10 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا، مگر حیران کن طور پر لیونارڈو ڈی کیپریو بہترین اداکار کی نامزدگی پانے میں ناکام رہے۔

فلم باربی کے حصے میں بہترین فلم، بہترین معاون اداکار (ریان گوسلینگ) اور بہترین معاون اداکارہ (America Ferrera) سمیت 8 نامزدگیاں آئیں۔

باربی کی ڈائریکٹر Greta Gerwig کو بہترین ڈائریکٹر کی کیٹیگری میں نامزد نہیں کیا گیا.

غیر ملکی فلموں کی کیٹیگری میں جاپان کی پرفیکٹ ڈے، اسپین کی سوسائٹی آف دی اسنو، برطانیہ کی دی زون آف انٹرسٹ، جرمنی کی دی ٹیچرز لاؤنج اور اٹلی کی Io Capitano کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

خیال رہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب 10 مارچ کو ہوگی۔