معروف پاکستانی یوٹیوبر و اداکار ارسلان نصیر نے پاکستان کی خراب معاشی صورتحال پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
ارسلان نصیر نےفوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرم پر اپنا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔
اُنہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں بتایا ہےکہ یہ ویڈیو اُنہوں نے پچھلے مہینے بنائی تھی جوکہ ملک میں آئے سیلاب کے بعد سامنے آنے والے حالات کی بھی مکمل عکاسی کرتی ہے۔
اداکار نے اس ویڈیو میں ملک کے حالات میں بہتری نہ آنے کی وجہ کے بارے میں بات کی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ’میں ہزار دفعہ یہ بات پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہم پر برا وقت اس لیے آتا ہے کیونکہ ہم سب چور ہیں‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’کوئی حکمران چور نہیں ہے، یہ جو لوگ کہتے ہیں اس ملک میں تو بہت صلاحیت ہے بس حکمران اچھے نہیں ملے غلط کہتے ہیں‘۔
ارسلان نصیر کا کہنا ہے کہ’بھئی ہم لوگ خود ہی اچھے نہیں ملے اس ملک کو، ہم لوگ ہر موقع ہر اپنی حیثیت کے حساب سے کرپشن کرتے ہیں اور زخیرہ اندوزی کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ’ہماری قوم کو آج اگر پتہ چلے نہ کہ کل قیامت آنے والی ہے تو جائےنماز اور تسبیح بھی مہنگی کردیں گے کہ بھئی کل کی کل دیکھی جائے گی، آج تو پیسے بنانے ہیں تو پیسے بنا کر لوگ قیامت کا انتظار کرتےنظر آئیں گے‘۔
واضح رہے کہ ملک میں آئی قدرتی آفت سیلاب کے باعث جب لاکھوں لوگوں کو بڑے جانی اور مالی نقصان کا سامنا ہے تو بجائے اس کے کہ ان مصیبت زدہ لوگوں کی امداد کی جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔