’انہیں تھوڑا کم دکھاوا کرنا چاہیے‘، کم کارڈیشین کو لوٹنے والے ڈاکو کا انٹرویو

eAwazفن فنکار

امریکی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین کو لوٹنے والے ڈاکوؤں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی دولت کا ان لوگوں کے سامنے کم دکھاوا کرنا چاہیے جو ہر چیز کھلے عام خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

2016 میں کم کارڈیشین نے فرانس کے فیشن ویک میں شرکت کی غرض سے کرائے پر ایک گھر لیا تھا جس میں ڈاکو گھس آئے اور ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر باتھ ٹب میں ڈالا اور کروڑوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹی تھی۔

اب گرفتار ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘کم کارڈیشین کو تھوڑا کم دکھاوا کرنا چاہیے، یہ کچھ لوگوں کو غصہ دلاتا ہے‘۔

ڈاکوؤں نے اپنی منصوبہ بندی کے حوالے سے بتایا کہ ‘امریکی ماڈل کو لوٹنے کا خیال اس وقت آیا جب سوشل میڈیا پر انہیں کئی مرتبہ اپنے زیورات اور پیسوں کا دکھاوا کرتے دیکھا، وہ بار بار اپنی دولت دکھاتی تھیں‘۔

ملزم کا کہنا تھا کہ ’ ویڈیو میں وہ بےحد پیسے اڑا رہی تھیں تو ہم نے سوچا کیوں نہ ہم ہی یہ پیسے ان سے لے کر جمع کرلیں‘۔

خیال رہے کہ کم کارڈیشین کے کرائے پر لیے گھر میں اکتوبر 2016 میں فرانس کی دو دہائیوں میں سب سے بڑی ڈکیتی ہوئی تھی جہاں ملزمان نے پولیس کا روپ اپناکر کارروائی کی تھی۔