اپنی چاہے جھونپڑی ہو لیکن اپنی ہوتی ہے، ایسے محل کا فائدہ نہیں جہاں جاکر شرمندگی ہو؛ ریما خان

eAwazفن فنکار

پاکستان کی مایہ ناز سینئر اداکارہ ریما خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کئی مرتبہ بالی وڈ سے فلموں کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا اور اپنے ملک میں کام کرنے کو ترجیح دی۔

ریما نے حال ہی میں جیو کے کامیڈی شو ہنسنا منع ہے میں شرکت کی جس میں ان سے ایک مداح نے سوال کیا کہ ‘آپ کی ساتھی اداکارہ میرا بالی وڈ میں فلم کرکے آئیں تو کیا کبھی آپ کو آفر ہوئی؟’

جواب میں اداکارہ نے کہا ‘میں بھارت ایوارڈز کی تقریب میں گئی تھی اور مجھے فلموں کی بھی پیشکش ہوئی لیکن میں سمجھتی ہوں کہ ان کے پاس اپنا بہت ٹیلنٹ ہے، ماضی میں میں نے ان کے کام کا طریقہ دیکھا جو مجھے پسند نہیں آیا’۔

ریما کا کہنا تھا کہ ‘ان کے کام کے طریقہ کار کو دیکھ کر میں نے کہا کہ عقلمندی اسی میں ہے کہ اپنی چاہے جھونپڑی ہو لیکن اپنی ہوتی ہے، ایسے محل کا فائدہ نہیں ہے جہاں جاکر شرمندہ ہونا پڑے’۔

تابش کے ایک سوال پر انہوں نے انکشاف کیا کہ ‘بلاشبہ بھارت کے لوگ عزت دیتے ہیں لیکن جیسے ہر جگہ گروپس ہوتے ہیں ویسے ہی وہاں بھی ہیں جو بالخصوص پاکستانی آرٹسٹس کو وہاں نہیں دیکھنا چاہتے، وہ نہیں چاہتے کہ پاکستانی وہاں کی انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائیں’۔

اداکارہ نے بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ‘کئی لوگ ایسے بھی ہیں جو فراخ دلی سے پاکستانیوں کا استقبال کرتے ہیں لیکن ان مخصوص گروپس کا بہت بڑا اثر پڑتا ہے جس کی وجہ سے جو آپ کو بعد میں بھارت سے چھپ کر بھاگنا پڑے تو اس کا کیا فائدہ؟’