ہندوستانی بادشاہ پرتھوی راج چوہان کی زندگی پر بننے والی فلم ’سمراٹ پرتھوی راج‘ کی ریلیز پر عمان اور کویت میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار اور اداکارہ مانوشی چھلر کی نئی آنے والی فلم سمراٹ پرتھوی راج عمان اور کویت میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق عمان اور کویت میں اس فلم کی ریلیز پر پابندی کیوں عائد کی گئی ہے اس کی واضح وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی فلم کی ٹیم کی جانب سے اب تک اس کی تصدیق کی گئی ہے۔
ھارتی میڈیا کے مطابق چندر پراکاش دویدی کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم سے اداکارہ مانوشی چھلر بالی وڈ میں ڈیبیو کررہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس فلم کا نام پہلے پرتھوی راج تھا لیکن ٹیم نے 27 مئی کو ٹائٹل تبدیل کرکے اس کا نام سمراٹ پرتھوی راج رکھا۔
فلم کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ شری راجپوت کرنی سینا نامی تنظیم کی درخواست کے بعد کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق درخواست میں راجپوت برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا تھا۔
دوسری جانب اکشے کمار اور مانوشی اپنی نئی فلم کی تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، ’سمراٹ پرتھوی راج’ 3 جون کو ریلیز کی جائے گی۔
اس فلم میں اکشے کمار اور مانوشی کے علاوہ سنجے دت اور سونو سود بھی اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔