بالی ووڈ سے وابستہ حسینہ عالم اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری میں بھی اپنا لوہا منواتے ہوئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب دبئی میں ساؤتھ انڈین انٹرنیشنل مووی ایوارڈز 2024ء کا میلہ سجا جس میں بالی ووڈ کی اداکارہ مرکزِ نگاہ رہیں۔
صفِ اوّل کی اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے دبئی میں منعقدہ اس تقریب میں اپنی بیٹی آرادھیا بچن کے ہمراہ شرکت کی اور مداحوں کے ہمراہ سیلفی بھی کلک کی۔
اس تقریب میں اداکارہ کو فلم ’پونیئن سیلوان 2‘ کے لیے بہترین اداکارہ (کریٹکس) کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ فلم ’پونیئن سیلوان 2‘ میں ایشوریا رائے بچن نے دو کردار ادا کیے تھے۔
منی رتنم کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم کلکی کرشنا مورتی کے مشہور 5 حصوں پر مشتمل ناول سیریز پر مبنی ہے۔
فلم ’پونیئن سیلوان 2‘ کی دیگر کاسٹ میں تریشا کرشنن، وکرم، کارتی اور جے رام و دیگر شامل ہیں۔