بولڈ فوٹو شوٹ کروانے پر رنویرسنگھ کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز

eAwazفن فنکار

اپنے مختلف اور اچھوتے پہناوے کے سبب ہمیشہ ہی خبروں کی زینت بنے رہنے والے بھارتی ہیرو رنویر سنگھ کے خلاف عریاں فوٹو شوٹ کروانے پر باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے عریاں فوٹو شوٹ کروانے پر رنویر سنگھ کے گھر سمن بھجوا دیا گیا ہے، رنویر سنگھ کو گزشتہ روز ممبئی پولیس نے تفتیش کے لیے 22 اگست کو تھانے میں حاضر ہونے کا سمن جاری کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کا بتانا ہے کہ رنویر سنگھ کے بے لباس فوٹو شوٹ کے خلاف ایک بھارتی این جی او کی جانب سے دائر درخواست پر یہ کارروائی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اسٹار رنویر سنگھ نے گزشتہ ماہ 21 جولائی 2022 کو ایک میگزین کے لیے بے لباس ہو کر فوٹو شوٹ کروایا تھا جس پر بھارتی شہریوں نے شدید ردعمل دیا تھا۔

رنویر سنگھ کے عریاں فوٹو شوٹ کے خلاف چیمبر پولیس اسٹیشن اور ریاست مہاراشٹر میں بھی درخواست دی گئی تھی جبکہ رنویر سنگھ کے خلاف متعدد مظاہرے بھی ہوئے تھے۔