جیو فلمز اور حسن ضیا کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ کی ہیروئن صبا قمر نے بتایا ہے کہ بچپن سے خواہش تھی کہ عرفان خان جیسے سپر اسٹار کے ساتھ کسی فلم میں کام کروں۔
جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے صبا قمر نے کہا کہ بھارت میں میرے چاہنے والے بہت ہیں، انہوں نے ’’ہندی میڈیم‘‘ میں میری اداکاری کی تعریف کی تھی، میں نے تین بھارتی فلم سائن کی ہوئی ہیں، جیسے ہی دونوں ملکوں کے حالات بہتر ہوں گے، مداح ایک مرتبہ پھر مجھے بالی ووڈ کی بڑی فلموں میں دیکھیں گے۔ کئی بھارتی اداکارائیں میری فین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلم ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ میں میری زندگی کا یادگار کردار ہے۔ اس فلم میں لوگوں کا ہنس ہنس کر بُرا حال ہو جائے گا۔ فلم کے ڈائریکٹر ثاقب خان ہیں، جو اس پروجیکٹ کے ذریعے اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں، لیکن وہ کمال کے ڈائریکٹر ہیں۔ میں نے ان کے ساتھ مزید چار پروجیکٹس میں مزید کام کیا ہے، جو جلد منظر عام پر آئیں گے۔
باکمال اداکارہ صبا قمر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جب میرے پاس کراچی سے لاہور میرے گھر فلم کے پروڈیوسر حسن ضیاء اور ڈائریکٹر ثاقب خان آئے اور مجھے فلم اسٹوری کی بارے میں بتایا تو مجھے فلم کی کہانی بہت دل چسپ لگی، مصروفیات کے باوجود میں نے اس فلم میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ فلم میں میرا مرکزی کردار ہے، جب کہ زاہد احمد بطور ہیرو میرے مدِمقابل ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ زاہد احمد کے ساتھ اس سے قبل مختلف ڈراموں میں کام کر چکی ہُوں۔ ان کے ساتھ میری اسکرین کیمسٹری بہت عمدہ ہے۔ فلم میں سید جبران بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ سید جبران کا کردار کچھ اس طرح دکھایا گیا ہے کہ وہ مجھ سے بچپن ہی سے دل ہی دل میں محبت کرتا ہے، لیکن مجھے زاہد احمد سے پیار ہو جاتا ہے۔ سید جبران کی محبت کا مجھے علم نہیں ہوتا۔
صبا قمر نے کہا کہ فلم کی موسیقی اور کہانی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ فلم کا پروموشن سونگ اور ٹریلر سوشل میڈیا پر پہلے ہی دُھوم مچا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فلم میں ہمارے سینئر اداکار نیر اعجاز نے مزاح سے بھرپور وِلن کا کردار نبھایا ہے۔ ہم نے ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز کورونا کے دِنوں میں کیا تھا۔ لاک ڈاؤن کی مایوس کُن صورت حال میں فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ امید ہے ہماری محنت رنگ لائے گی۔ اس فلم کے بعد رواں برس جون میں میری ایک اور فلم’’ کملی‘‘ بھی ریلیز ہوگی۔
صبا قمر نے مزید کہا کہ میرا کسی اداکارہ سے مقابلہ نہیں ہے، البتہ خُوشی ہے کہ ہماری اپنی فلم انڈسٹری پروان چڑھ رہی ہے۔ عید کی پانچوں فلموں میں ہمارے ساتھی فن کار جگمگائیں گے۔ فلم ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ جملہ میں بچپن سے سنتی آرہی ہوں۔